لکھنو،یکم؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) اترپردیش کے نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا کہ زمانہ قدیم میں بھی ہندوستان میں ٹیکنالوجی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ مہابھارت اور رامائن کے زمانہ میںلائیو ٹیلی کاسٹ سے لے کر ٹیسٹ ٹیوب بے بی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا تھا۔ دنیش شرما نے یہ بات علاقائی اسکل مقابلہ کے افتتاح کے موقع پر کہی۔
نائب وزیر اعلی نے کہا کہ جس طرح کروکشیتر میں ہورہے مہابھارت کی جنگ کا “سجیو ورنن “سنجے نے ہستیناپور کے محل میں بیٹھ کر کیا ، وہی آج الیکٹرانک میڈیا کا لائیو ٹیلی کاسٹ ہے۔ آج اگر ہم طیارہ کی بات کرتے ہیں تو رام جی کے وقت میں “پشپک طیارہ “ہوا کرتا تھا ، جس پر سوار ہو کر وہ لنکا سے ایودھیا پہنچے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح سیتا جی کی پیدائش ایک گھڑے سے ہونے کا بھی ذکر ہے ، جو آج کی ٹیسٹ ٹیو ب بے بی ٹیکنالوجی رہے ہوگی۔ جنک جی کے ہل چلانے پر زمین سے ایک گھڑا نکلا اور اس میں سے سیتا جی نکلیں۔ وہ کہیں نہ کہیں ٹیسٹ ٹیوب بے بی جیسی ٹیکنالوجی رہی ہوگی ۔ اتنا ہی نہیں دنیش شرما نے دعوی کیا کہ موتیا بند کا آپریشن ، پلاسٹک سرجری ، نیوکلیائی تجربہ اور انٹرنیٹ جیسی تمام جدید تبدیلیاں زمایہ قدیم سے ہی شروع ہوگئی تھیں ۔